بارش و سیلابی صورتحال میں تمام تر احتیاطی تدابیر کی ہدایت

   

عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ ، کلکٹرس کیساتھ ریاستی وزراء سرینواس ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ کی ویڈیو کانفرنس
ضلع سنگاریڈی میں تمام راحتی انتظامات مکمل : کلکٹر

سنگاریڈی ۔14 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )پونگولیٹی سرینواس ریڈی وزیر ریوینیو اور تملا ناگیشور راؤ ریاستی وزیر نے ریاست بھر میں مسلسل موسلادھار بارش کے پیش نظر عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزراء نے ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری رام کرشن راؤ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس، پولیس کمشنروں اور ایس پیز کے ساتھ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزراء نے مشورہ دیا کہ جان و مال کے نقصان کو روکنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پہلے سے ہی اختیار کی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ وہ ہنگامی حالات میں فوری امدادی اقدامات کر سکیں واضح کیا کہ یہ فنڈز جہاں ضروری ہو وہاں خرچ کیے جائیں اور اگر ضرورت پڑی تو مزید فنڈز بھی مختص کیے جائیں گے اور فنڈز میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں بعض علاقوں میں توقع سے زیادہ اور بعض علاقوں میں توقع سے کم بارش ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ صفائی اور پینے کے پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے اور پینے کے پانی کو آلودہ ہونے سے روکنے کے لیے نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تمام محکموں کے افسران ایک دوسرے کے ساتھ تال میل سے کام کریں اور تیز بارش کی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹیں ۔ کلکٹر سنگاریڈی پی پروینیہ نے کہا وزراء اور سی ایس کو بتایا گیا کہ ضلع میں معمول کی بارش ہو رہی ہے، جمعرات کی صبح اوسطاً 3.9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں تک موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر تمام محکموں کے افسران کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور فیلڈ سٹاف کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور عملے کی چھٹیاں پہلے ہی منسوخ کر دی گئی ہیں اور ضلع کے سرکاری اور نجی سکولوں میں جمعرات کو پیشگی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔کلکٹر نے کہا کہ ضلعی سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور کنٹرول روم کے بارے میں معلومات کو وسیع پیمانے پر پھیلایا گیا ہے اور تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اگر کہیں بھی بارش کی وجہ سے کوئی پریشانی ہو تو عوام کنٹرول روم 08455 276155 پر کال کر کے بتا سکتے ہیں کہ کلکٹر نے کہا کہ ریونیو، بجلی، آبپاشی، طبی اور صحت کے محکموں، پولیس محکموں کے عہدیداروں کیساتھ وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لے کر فوری حالات کے مطابق راحتی اقدامات کرنے کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈیز) چندر شیکھر اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔