بارش و سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نقصانات کا جائزہ لیا

   

کسانوں اور مقامی افراد سے ملاقات، نقصانات کا تخمینہ تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت، ہرممکن امداد کا تیقن
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کاماریڈی ضلع کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ‘ کسانوں اور مقامی افراد سے بات کی۔ چیف منسٹر نے کسانوں و مقامی افراد کو فصلوں اور املاک کے نقصان پر حکومت سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے بعض مواضعات میں فصلوں کو نقصانات اور سیلاب کے نتیجہ میں مکانات کو نقصانات کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین میں امداد کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے محکمہ جاتی سطح پر نقصانات کا تجزیہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ گزشتہ 5 برسوں میں پہلی مرتبہ غیرمعمولی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اُنھوں نے کھیتوں سے ریت اور مٹی کی نکاسی کیلئے خصوصی فنڈس کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے سڑکوں کی تعمیر اور مرمت، آبپاشی پراجکٹس کے نقصانات کا علیحدہ طور پر تخمینہ کرنے کی ہدایت دی اور عہدیداروں سے کہاکہ وہ متاثرہ مواضعات کا دورہ کریں ۔ چیف منسٹر نے کلکٹریٹ میں اجلاس منعقد کرکے ضلع میں امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مصیبت کی گھڑی میں عوام کے ساتھ حکومت مضبوطی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سڑکوں اور پُلوں کی مرمت کا کام جنگی خطوط پر مکمل کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں نے مہلوکین و متاثرین میں ایکس گریشیاء کی تقسیم کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر اسمبلی حلقہ جات کاماریڈی اور ایلاریڈی کے دورہ کے موقع پر قافلہ کو روک کر کسانوں سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے جانی اور مالی نقصانات کو کم کرنے حکام کی جانب سے تمام تر احتیاطی تدابیر کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ آئندہ جائزہ اجلاس 15 دن بعد منعقد کرکے ضلع میں امدادی کاموں پر عمل کا جائزہ لیں گے۔ متحدہ نظام آباد کی انچارج وزیر سیتکا کو چیف منسٹر نے امدادی کاموں کی شخصی نگرانی کی ہدایت دی ۔ اُنھوں نے عوامی نمائندوں سے کہاکہ وہ اپنے حلقہ جات میں نقصانات اور امدادی کاموں کی تفصیلات سے انچارج وزیر کو واقف کرائیں۔ چیف منسٹر نے حکام سے کہاکہ شدید بارش کی صورت میں عوام کو نقصانات سے بچانے کیلئے ضلع واری سطح پر ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے۔ اُنھوں نے مواضعات کی سطح پر نقصانات پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کو خواتین نے مکانات کے نقصانات سے واقف کرایا اور عہدیداروں کی جانب سے ابتدائی رقمی امداد پر اظہار تشکر کیا۔ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، ڈی انوسویا سیتکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکر، ارکان اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، سدرشن ریڈی، مدن موہن راؤ اور دوسرے موجود تھے۔1