بارش کی تباہ کاریوں سے 10 افراد ہلاک

   

ڈی جی پی کی تصدیق ، سیلاب میں پھنسے 2 ہزار سے زائد افراد کو بچالیا گیا
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شمالی تلنگانہ میں جاری شدید بارش اور بارش کی تباہ کاریوں میں 10 افراد کے ہلاک ہونے کی ڈی جی پی نے تصدیق کردی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں بارش کی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور محکمہ پولیس مکمل طور پر چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے تقریبا 2 ہزار سے زائد افراد کو بچالیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انڈین ایر فورس اور آرمی کی مدد سے دو ہیلی کاپٹرس کی خدمات کو حاصل کیا جارہا ہے ۔ ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کے علاوہ ایس ڈی آر ایف کے ذریعہ بھی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ سیلاب زدہ اضلاع میں خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔ ڈی جی پی نے پولیس ملازمین کے اقدامات اور کارروائیوں کی ستائش کی اور کہا کہ گنیش تہوار اور بندوبست کے باوجود بارش کے دوران محکمہ چوکس ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی کے طور پر کسی بھی ناگہانی حالات سے فوری نمٹنے کے لیے ڈی جی پی آفس میں خصوصی ایمرجنسی ٹیموں کو رکھا گیا ہے اور حیدرآباد کے حالات سے نمٹنے کے لیے اپنے آپ کو مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع کے علاوہ دیگر ضلع سپرنٹنڈنٹ سے مسلسل جائزہ لیا جارہاہے اور سنٹرل کمانڈ کنٹرول سنٹر سے حالات پر نظر رکھتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے سپرنٹنڈنٹس اور عہدیداروں کو آگاہ کیا جارہا ہے اور ضلع ایس پیز کو ہدایت دی گئی ہے ۔۔ ع