حیدرآباد10اگسٹ(سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ حدود میں موسلادھار بارش کے باوجود شہر کے کئی مقامات پر زیر زمین سطح آب میں اضافہ نہ ہونے سے بورویلس خشک ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔ زیر زمین سطح آب میں کمی کے متعلق رپورٹ میں کہاگیا کہ سال گذشتہ کے مقابلہ میں گریٹر حیدرآباد حدود میں زیر زمین سطح آب میں گراوٹ آنے لگی ہے اور 50 فیصد سے زیادہ گراوٹ سال گذشتہ کے مقابلہ میں ریکارڈ کی گئی ۔ دونوں شہروں کے جن علاقوں میں حالیہ دنوں موسلادھار بارش ہوئی ان میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ نہ ہونے پر ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اگر بارش کے باوجود پانی سڑکوں پر سے بہنے لگ جائے تو زیر زمین سطح آب میں خطرناک گراوٹ آسکتی ہے۔ محکمہ آبرسانی نے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے محفوظ رکھنے اقدامات کے تحت دونوں شہروں میں عوامی مقامات پر ’واٹر ہارویسٹنگ پٹس‘ کی تعمیر کرکے پانی کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کا آغاز کیاہے ۔ ذرائع کے مطابق آؤٹر رنگ روڈ حدود میں 16 ہزار پٹس تعمیر کئے جاچکے ہیں ۔ کئی علاقوں کوکٹ پلی ‘ قطب اللہ پور‘ شیرلنگم پلی ‘ و شہر کے شمالی حصہ میں زیر زمین سطح آب میں زبردست گراوٹ آنے لگی ہے۔3