بارش کے دوران ریلوے سیکشنز کی خصوصی نگرانی کی جائے گی

   

جے پور: مانسون کے دوران نارتھ ویسٹرن ریلوے کے ریل سیکشنز کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ نارتھ ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کیپٹن ششی کرن کے مطابق نارتھ ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر وجے شرما کی ہدایات کے مطابق نارتھ ویسٹرن ریلوے پر اس ماہ سے جے پور، اجمیر، جودھ پور اور بیکانیر ڈویژنوں کو اضافی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ گزشتہ برسوں کے اندازوں کی بنیاد پر ان ریلوے سیکشنز کی سخت نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر شدید بارش کا امکان ہے یا جن پر محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان، تیز آندھی یا شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہیں۔ موسم سے متعلق اطلاعات/انتباہ حاصل ہونے پر فوری اثر کے ساتھ ریلوے ٹریک کی نگرانی کرنے اورچوکس رہنے کے لئے گینگ مین؍ پٹرول مین کو ہدایت دی گئی ہے ۔ گینگ مینوں اور گشتی اہلکاروں کو ریلوے لائنوں، پلوں وغیرہ پر سخت گشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کے لیے گشتی چارٹ اور گشتی کتابیں تیار کی گئی ہیں۔ گشت کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی ٹریک سامان فراہم کیا گیا ہے ۔ جن مقامات پر زیادہ بارش ہوتی ہے وہاں کٹاؤ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مٹی سے بھرے کٹے ، روڑی وغیرہ کا خاطر خواہ انتظام کرایا گیا ہے ۔ تاکہ ٹریک کے نیچے مٹی کے کٹاؤ کی صورت میں اسے فوری طور پر ٹھیک کیا جا سکے اور ریل آپریشن شروع کیا جا سکے ۔