بارش کے دوران سڑکوں کو خراب ہونے سے بچانے وی ڈی سی سی سڑک کی تعمیر

   

187 کروڑ روپیوں کے خرچ کا تخمینہ ، جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کا منصوبہ
حیدرآباد۔2جولائی (سیاست نیوز) بارش کا پانی سڑکوںپر جمع نہ ہو اوربارش کے دوران سڑکوں کی حالت خراب نہ ہو اس کے لئے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں VDCC سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت شہر حیدرآباد کی 247 کیلو میٹر پر محیط سڑکوں کی از سر نو تعمیر کی جائے گی۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی تعمیرکے سلسلہ میں کئے جانے والے اس فیصلہ پر عمل آوری کے لئے 187 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے منصوبہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد دونوں ادارو ںنے سڑکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مکمل پراجکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کی اہم سڑکوں کو VDCC سڑکوں میں تبدیل کردیا جائے گا اور موجودہ بی ٹی سڑکوں کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دونوںشہروں میں کئے جانے والے ان اقدا مات کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد تعمیراتی کاموں کو شروع کرنے کیلئے ٹنڈر کا عمل شروع کردیا جائے گا ۔ حکومت کو سال گذشتہ ہی جی ایچ ایم سی کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی تھی جسے اب منظوری دے دی گئی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں موجود اہم سڑکوں کو VDCC میںتبدیل کردیئے جانے کے بعد یہ سڑکیں شہرمیں بارش کی صورت میں پانی کو جذب کرنے کے علاوہ کھڈسے پاک ہوں گی اور تیز موسلادھار بارش کی صورت میں بھی ان سڑکوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا بلکہ یہ سڑکیں طویل مدت تک قابل استعمال رہیں گی۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی اہم اور مصروف ترین سڑکوں کو VDCC میں تبدیل کردیئے جانے کے بعد ان سڑکوں کو کئی برسوں تک تعمیر اور مرمت کی ضرورت نہیں پڑے گی اور نہ ہی ان کی نگرانی کرنی پڑے گی۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں مضبوط و مستحکم اور طویل مدت تک خراب نہ ہونے والی ٹکنالوجی جو اب استعمال کی جارہی ہے وہ VDCCہی ہے اور دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں اسی ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ سڑکوں کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے ۔عہدیداروں کا کہناہے کہ ان سڑکوں کی تعمیر میں لاگت بھی اتنی نہیں ہے اور ان کے جلدخراب ہونے کا بھی خدشہ نہیں ہے اس کے علاوہ بارش کے پانی کے سڑکوں پر جمع ہونے کے مسائل بھی 50 فیصد تک ان سڑکوںکی تعمیرکے ذریعہ حل کئے جانے کا امکان ہے۔