ندی نالوں کی طرف نہ جانے عوام سے خواہش، احتیاط پر زور
نرمل 16 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا آئی پی ایس نے کل رات سے ہورہی موسلا دھار بارش کے پیش نظر آج صبح سداپورواگو کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مزید دو دنوں تک بارش کی پیش قیاسی کے پس منظر میں تمام پولیس عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے بوسیدہ مکانات میں رہنے والے افراد کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے حکام کو ہدایت دی کہ سورنا پراجکٹ اور کرام پراجکٹ کے علاقوں میں مویشیوں کو پالنے والے افراد ندی نالوں کی طرف نہ جائیں۔ پولیس کی خصوصی مہم بلیو کوٹ گاؤں میں مسلسل پٹرولنگ کررہی ہے۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر جانکی شرمیلا نے عوام کو بھی ہدایت دی کہ وہ گاڑیاں چلاتے وقت احتیاط سے کام لیں کیوں کہ شدید بارش کے سبب پانی جمع ہوجانے سے سڑک کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ پانی جمع ہونے کے سبب کہاں سڑک پر گڑھے ہیں یہ معلوم نہیں ہوسکتا۔ تاہم پولیس محکمہ مکمل چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی کے ہمراہ نرمل اے ایس پی راجیش مینا، آئی پی ایس سرکل انسپکٹر نرمل پروین کمار، رورل سرکل انسپکٹر کرشنا، رورل ایس آئی لمبادری ٹاؤن ایس آئی سنجیو بھی موجود تھے۔