ریڈ کراس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، متاثرین میں غذا، ادویات اور ملبوسات کی تقسیم
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے ریڈ کراس سوسائٹی کے عہدیداروں اور والینٹرس پر زور دیا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں حصہ لیتے ہوئے عوام کی مدد کریں۔ گورنر نے ریڈ کراس کے ریاست بھر میں موجود ضلعی یونٹس کے عہدیداروں کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کرتے ہوئے شدید بارش کے نتیجہ میں جانی اور مالی نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر نے ضلع یونٹس کو ہدایت دی کہ ہر ضلع میں ہیلپ لائن نمبر کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا جائے تاکہ متاثرین اپنی ضرورتوں کیلئے ربط پیدا کرسکیں۔ گورنر نے کہا کہ ضلع نظم و نسق کے اشتراک سے ریڈ کراس والینٹرس اور عہدیداروں کو بچاؤ اور راحت کے کام انجام دینے چاہیئے۔ گورنر نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمیں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔ گورنر نے ہرضلع میں بارش کے نقصانات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ گورنر نے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص امداد سے محروم نہ رہے۔ گورنر نے موجودہ صورتحال کو تکلیف دہ قرار دیا اور کہا کہ انسانی جانوں کے اتلاف اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان سے دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے خاندان اپنی روز مرہ کی ضروریات کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے ریڈ کراس والینٹرس سے کہا کہ کسی بھی مددکیلئے راج بھون سے ربط قائم کریں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں غذا ، ادویات، ملبوسات کی تقسیم، متاثرین کو شیلٹر فراہم کرنے اور طبی خدمات کیلئے ایمبولینس سرویسس کی فراہمی کی ستائش کی۔ گورنر نے کہا کہ بارش اور سیلاب کی صورتحال مکمل قابو میں آنے تک ریڈ کراس عہدیدار اور والینٹرس کو چوکس رہنا چاہیئے۔