حیدرآباد: یونائیٹڈ مسلم فورم نے حیدرآباد میں سیلاب کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ، مہلوکین و شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور جو اپنے اثاثہ جات سے محروم ہوئے ہیں ان کو سہارا دینے کی ضرورت ظاہر کی ہے ۔ فورم کے ذمہ داران مولانا محمد رحیم الدین انصاری ( صدر ) ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، مولانا میر قطب الدین علی چشتی ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، ، مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر ، جناب سید منیر الدین مختار (جنرل سکریٹری )، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری ، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی ، مولانا سید تقی رضا عابدی ، مولانا سید صفی احمد مدنی، مولانا اکرم پاشاہ قادری تخت نشین ، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا عبد الغفار خان سلامی، مولانا زین العابدین انصاری، ڈاکٹر بابر پاشاہ، ڈاکٹر مشتاق علی اور جناب محمد شفیع الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ میلاد النبیؐ کے مبارک و مسعود موقع پر مسلمان جو ش و خروش کے ساتھ اس کو مناتے ہیں، فورم کے ذمہ دروں نے حب النبی ؐ کو ملحوظ رکھتے ہوئے عامۃ المسلمین سے اپیل کی ہے کہ میلاد کے موقع پر جو خرچ کرتے ہیں وہ ضرور کریں ساتھ ہی ساتھ اس بات پر خاص تو جہ دیں کہ جس مقدس ذات گرامی کا میلاد منایا ہے جارہا ہے ۔ ان کے امتی تکلیف دہ حالات سے گذر رہے ہیں سیلاب کی وجہ سے شہر حیدرآبادکی ایک بڑی آبادی متاثر ہے ایسے میں ان متاثرین کی مدد کریں ۔ فورم کے ذمہ داروں نے کہا کہ کورونا وائرس اور اس کے سبب لاک ڈاؤن سے ایک بڑا طبقہ ہنوز متاثر ہے اور پھر حیدرآباد کے بدترین سیلاب نے ان کو مزید متاثر کیا ہے اس لئے وقت کی یہ اشد ضرورت ہے کہ میلاد النبی ؐ کی خوشی میں ان تمام متاثرین کو بھی شامل کریں جو اس وقت آفات ِ سماوی سے پریشان ہیں ۔ فورم کے ذمہ داروں نے خطباء و ائمہ مساجد سے گذارش کی ہے کہ وہ جمعہ کی خطابت میں شہر کے ان حالات کا احاطہ کرتے ہوئے متاثرین کی دامے درمے و سخنے مدد کی ترغیب دِلوائیں۔