بارش کے متاثرین کی مدد کے بجائے کے سی آر اور کے ٹی آر آرام کررہے ہیں

   

مہیش کمار گوڑ کا الزام، چیف منسٹر اور ریاستی وزراء امدادی کاموں میں مصروف
حیدرآباد۔/3 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں بارش سے عوام پریشان ہیں لیکن کے سی آر فارم ہاوز اور کے ٹی آر انگلینڈ میں آرام کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے درمیان رہنے کے بجائے کے سی آر اور کے ٹی آر آرام اور تفریح میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں 11 سے زائد اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں لیکن کے سی آر عوام کے درمیان رہنے کے بجائے لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ بی آر ایس کے سربراہ کون سے فارم ہاوز میں آرام کررہے ہیں۔ عوام کو بھروسہ دلانے اور مدد کرنے کے بجائے کے ٹی آر امریکہ اور انگلینڈ کی تفریح پر روانہ ہوچکے ہیں۔ کویتا کی ضمانت کیلئے کے سی آر اور کے ٹی آر نے مساعی کی تھی اور ضمانت کے حصول کے بعد انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر سوشیل میڈیا میں زندہ ہیں اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عوامی مسائل سے واقفیت کیلئے ریونت ریڈی نے سڑک کے راستے کھمم اور محبوب آباد کے دورہ کو ترجیح دی ہے۔ گذشتہ چار دنوں سے چیف منسٹر اور ریاستی وزراء امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں سیلاب کے متاثرین کو امداد کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن رقم جاری نہیں کی گئی۔ بی آر ایس دور حکومت میں راج بھون کے روبرو واقع ایم ایس مقطعہ میں مکانات زیر آب آچکے تھے لیکن متاثرین کو کوئی امداد نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نقصانات کی تفصیلات سے وزیراعظم نریندر مودی کو واقف کرایا ہے۔ 1