حیدرآباد ۔ /25 اکٹوبر (این ایس ایس) گزشتہ دو دن ہوئی بارش کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات کے مثبت نتائج دکھائی دے رہے ہیں ۔ منگل کی شام سے شہر کے مختلف مقامات پر شدید بارش ہوئی جو 11 تا 13 سنٹی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ مانسون اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمس فوری حرکت میں آتے ہوئے جن علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا اسے دور کیا اور جو درخت اکھڑگئے تھے انہیں ہٹادیا اور ٹریفک کے موثر بہاؤ کو یقینی بنایا ۔ محکمہ موسمیات سے شدید بارش کی وارننگ کے مطابق جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ صورتحال کے مطابق ضروری کارروائی کی جائے ۔ کوئی 389 مانسون ٹیمس ، 13 ڈیزاسٹر ٹیمس شدید بارش کے دوران فوری حرکت میں آگئے اور 82 پانی جمع ہونے کے مقامات پر صفائی کی اور 12 جڑ سے اکھڑ جانے والے درختوں کو ہٹادیا اور ڈی آر ایف ٹیمس سے دو زندگیاں بچائیں جو پانی کے شدید بہاؤ میں پھنس گئے تھے ۔ میئر ڈاکٹر بی رام موہن نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں کمانڈ کنٹرول روم سے صورتحال کی نگرانی کی اور مختلف شعبوں کے عہدیداروں ، ٹریفک پولیس ، واٹر بورڈ ، فائر ڈپارٹمنٹ اور ریونیو کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایک دوسرے کے ساتھ تال میل سے کام کرتے ہوئے بروقت اقدامات کے ذریعہ شہروں کی سیفٹی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ڈی آر ایف ٹیمس کو ہدایت دی کہ 195 نشاندہی کردہ واٹر لاگنگ پوائنٹس پر چوکس رہیں ۔ میئر نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائرکٹر کے ہمراہ خیریت آباد ریلوے اسٹیشن اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور کاموں کی نگرانی کی ۔ لوکیش کمار نے عہدیداروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ شام کے اوقات میں شدید بارش کے دوران ان کی مانسون ٹیمس کو چوکس بنائیں ۔