بچاؤ اور راحت ٹیموں کو تیار رکھا جائے، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے مانسون کی آمد کے پیش نظر اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست بھر میں عہدیداروں کو چوکسی کا مشورہ دیا اور راحت اور بچاؤ ہنگامی ٹیموں کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں بارش کی صورت میں عوام کو مشکلات سے بچانے کے لئے نشاندہی کردہ 141 مقامات پر واٹر ہارویسٹنگ کاموں کی انجام دہی کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جن مقامات پر پانی جمع ہونے کا اندیشہ ہے وہاں خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ واٹر ہاریوسٹنگ ویلز کی تعمیر کے لئے بارش کے پانی کو سڑکوں پر جمع ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات کی وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی پیش قیاسیوں پر نظر رکھی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ بچاؤ اور راحت کے کاموں کی نگرانی کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں بارش کے موقع پر ٹریفک کے بہاؤ میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے پولیس، ٹریفک پولیس، حیڈرا اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو متحرک ہونا چاہئے۔ چاروں محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ کام کرنے کا چیف منسٹر نے مشورہ دیا۔ کھلے نالوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ بارش کا پانی آبادیوں میں داخل نہ ہونے پائے۔ نشیبی علاقوں میں مکینوں کو بارش کے نقصانات سے بچانے کے لئے خصوصی طور پر اقدامات کئے جائیں۔ اُنھوں نے آؤٹر رنگ روڈ کے تحت موجود کور اربن ریجن کے مسائل پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ نالوں کی صفائی کے ذریعہ پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، چیف منسٹر آفس کے سکریٹری شیشادری، مانک راج، جی ایچ ایم سی کمشنر کرنن، حیڈرا کمشنر رنگناتھ اور ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1