بارش کے مہلوکین کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ

   

مکانات کے نقصان پر پانچ لاکھ معاوضہ دیا جائے، تباہی کیلئے حکومت ذمہ دار: محمد علی شبیر
حیدرآباد: سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے بارش کے سبب حیدرآباد میں ہوئی تباہی کے لئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے حیدرآباد کو ڈیلاس اور پرانے شہر کو استنبول کی طرح ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہر بارش کے بعد حکومت کے یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ چیف منسٹر پرگتی بھون میں بیٹھ کر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ وہ عوام کی ابتر حالت کا جائزہ لینے کیلئے پرگتی بھون سے کب باہر نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک رات میں 20 افراد کی موت کیا چیف منسٹر کو خواب غفلت سے جگانے کیلئے کافی نہیں ہے۔ یا وہ مزید تباہی کا انتظار کر رہے ہیں۔ محمد علی شبیر نے بارش کی تباہ کاریوں بالخصوص جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی جتائی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے جبکہ مکانات کی تباہی پر پانچ لاکھ روپئے کا معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے پانی میں محصور اور دیگر متاثرہ علاقوں میں حکومت کی جانب سے اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی کا مطالبہ کیا ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر عوام کے لئے کوئی اعلانات نہیں کئے ۔ انہیں ایکس گریشیا اور دیگر امداد کا اعلان کرنا چاہئے تھا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں ٹی آر ایس حکومت شہر کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ پانی کی نکاسی کا کوئی نظم نہیں ہے ۔ حکومت شہر کی ترقی پر 67000 کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن بارش کے ساتھ ہی حکومت کے یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ شہر کے کسی بھی علاقہ میں بارش کے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں۔ حکومت نے سیوریج لائین کو عصری بنانے پر توجہ نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی نظام دور حکومت میں تعمیر کردہ سیوریج سسٹم عوام کی ضروریات کی تکمیل کر رہا ہے ۔ انہوں نے بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لئے جنگی خطوط پر امدادی پیکیج کے اعلان کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لئے مرکزی حکومت کے اداروں کی خدمات حاصل کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر حکومت کی حلیف جماعت کے قائدین متاثرہ علاقوں میں عوام سے اظہار ہمدردی کر رہے ہیں جبکہ انہیں پارٹی کی جانب سے امداد کا اعلان کرنا چاہئے۔