ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ بارش اور سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ قانون کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ ہائی کورٹ نے سیلاب کے نتیجہ میں جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں بہہ جانے والے جی مہا لکشمی کا پتہ چلانے کیلئے تلاشی مہم کی حکومت کو تجویز پیش کی۔ عدالت نے کہا کہ اگر مذکورہ خاتون کے فوت ہوجانے کی تصدیق ہوتی ہے تو پسماندگان کو ایکس گریشیا ادا کیا جائے۔ اگست میں بارش اور سیلاب سے نقصانات کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کیلئے جہد کار سی ایچ سدھاکر نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست داخل کی جس پر آج دوبارہ سماعت ہوئی ۔ سیلاب میں 47 افراد کی موت واقع ہوئی جن میں سے 24 افراد کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے معاوضہ ادا کیا گیا جبکہ دیگر مہلوکین کے پسماندگان امداد سے محروم رہے۔ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں 192 ریلیف کیمپس کے ذریعہ 20387 متاثرین کو امداد فراہم کی گئی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں مہا لکشمی نامی خاتون بہہ گئیں لیکن آج تک نعش کا پتہ نہیں چلا۔ درخواست گزار نے ہائی کورٹ کے حکم پر نقصانات سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی کی اپیل کی ۔ ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں 18 ستمبر سے قبل ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 18 ستمبر کو ہوگی۔