نشیبی علاقوں پر نظر رکھی جائے، شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو، سرینواس ریڈی کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 12 جون (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ریاست میں جاریہ بارش کے دوران سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات نے جاریہ سال گزشتہ کے مقابلہ زائد بارش کی پیش قیاسی کی ہے لہذا ریاست بھر میں ایسے علاقے جو بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں وہاں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ دریائے کرشنا اور گوداوری کے اطراف علاقوں میں عہدیداروں کو چوکسی کا مشورہ دیتے ہوئے وزیر مال نے کہاکہ جانی اور مالی نقصانات سے بچاؤ اور راحت ٹیموں کو چوکس رکھا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ مانسون میں مؤثر بارش کے سبب دونوں دریاؤں کی سطح میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ وزیر مال نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی جس میں تمام محکمہ جات کو چوکسی کا مشورہ دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اور اضلاع میں نشیبی علاقوں میں راحت اور بچاؤ ٹیموں کو متحرک کیا جائے تاکہ بارش کی صورت میں عوام کو دشواری نہ ہو۔ اُنھوں نے کمشنر حیڈرا، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس، ریلیف کمشنر اور کمانڈ کنٹرول ڈائرکٹر کو دیگر محکمہ جات کے اشتراک سے مانسون ایکشن پلان تیار کرنے اور اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کا مشورہ دیا۔ یہ کمیٹی ہفتہ میں ایک بار اجلاس منعقد کرتے ہوئے بارش کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال مانسون کا 15 دن قبل آغاز ہوچکا ہے اور ریاست کے تمام علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ بارش کے دوران موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے محکمہ صحت کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے۔ سرکاری ہاسپٹلس میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سرینواس ریڈی نے کلکٹرس سے کہاکہ وہ بارش کی صورت میں نقصان کا انتظار کئے بغیر پہلے ہی نقصان سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ اُنھوں نے شہری علاقوں میں بارش کی صورت میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل، کمشنر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہریش، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسس ناگی ریڈی، کمشنر حیڈرا رنگناتھ، کمشنر پنچایت راج سوجنا، منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی، ڈائرکٹر اگریکلچر بی گوپی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1
عادل آباد میں بجلی گرنے سے
6 افراد ہلاک
حیدرآباد 12 جون ( سیاست نیوز ) عادل آباد کے پیپری گاؤں میں بجلی گرنے سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ تمام متوفی ایک گاؤں کے ہیں، تفصیلات کے مطابق پیپری گاؤں کے 49 سالہ منوہر ، ان کی بیٹی 15 سالہ سنجنا ، رمبھا بائی، بھیم بائی اور دیگر پانچ مزدور کھیت میں کام کیلئے گئے تھے۔ اسی دوران گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی،جس سے بچنے وہ جھونپڑے میں پناہ لیے۔اسی وقت جھونپڑے پر بجلی گری، جس کے نتیجے میں رمبھا بائی، بھیم بائی، منوہر اور ان کی بیٹی سنجنا موقع پر ہلاک ہو گئے۔دو زخمی دواخانہ کے راستہ میں چل بسے ۔