بارش کے نقصانات پر مبنی رپورٹ کی روانگی میں تاخیر پر وزیر مال کی برہمی

   

امدادی کاموں میں تیزی کی ہدایت، سرینواس ریڈی کا مختلف محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حالیہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کاما ریڈی اور میدک میں راحت اور امدادی کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ وزیر مال نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور متاثرہ اضلاع میں امدادی اور بازآبادکاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ بارش کے بعد نقصانات کی کمی میں احتیاطی تدابیر کارگر ثابت ہوئی ہے۔ حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی جس کے نتیجہ میں جانی اور مالی نقصانات کو کم کیا جاسکا ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم کا کام تیز کیا جائے اور حکومت کی جانب سے جاری کی گئی امدادی رقم حوالے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان حکومت کی امداد سے محروم نہ رہے ۔ سرینواس ریڈی نے ذخائر آب تالابوں کی مرمت کے علاوہ سڑکوں کے مرمتی کام انجام دینے کی ہدایت دی۔ حکومت نے متاثرہ اضلاع کے لئے فی کس 10 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع کے لئے فی کس 5 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو امدادی کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ حیدرآباد سے عہدیدار ان کاموں کی نگرانی کریں گے ۔ وزیر مال نے نقصانات سے متعلق تفصیلی رپورٹ کی پیشکشی میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر سے قبل نقصانات سے متعلق تمام تفصیلات حکومت کو روانہ کی جائے تاکہ مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کی جاسکے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بعض اضلاع میں آئندہ دو دن تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ لہذا عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے ۔ اجلاس میں محکمہ جات آبپاشی ، پنچایت راج ، میڈیکل اینڈ ہیلت بلدی نظم و نسق ، برقی ، عمارات و شوارع اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1