کریم نگر میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر۔ 2 اگسٹ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں تیز بارش کی وجہ سے ہوئے نقصانات پر رکن اسمبلی ، عوامی نمائندوں ، ضلع عہدیداروں کے ہمراہ وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائیز گنگولا کملاکر نے جائزے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں ہوئی تیز بارش کے نقصانات کیلئے حکومت کی جانب سے 500 کروڑ کی اجرائی کی گئی۔ جمعرات سے مزید دودن ریاست بھر میں موسلادھار بارش ہونے کے امکان کے مدنظر عہدیداروں ، عوامی نمائندوں کو چوکس رہنے اور باہمی تعاون کے ساتھ احتیاطی اقدام کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے ضلع میں اسمبلی حلقہ واری محکمہ ایریگیشن ، آراینڈ بی ، پنچایتی راج عہدیداروں کو سڑکوں کے مرمتی کاموں کیلئے تخمینی رپورٹ کی پیش کشی کی ہدایت دی۔ ضلع کریم نگر میں 3945 ایکر دھان ،781 ایکر کپاس 31 ایکر مکئی ،6 ایکر سبزی کے فصلوں کو بھاری نقصان ہوا۔ بارش کی وجہ موسمی امراض کے پھیلاؤ کوروکنے احتیاطی اقدام کی ہدایت دی۔ وزیر موصوف نے ضلع میں کٹوتی کے بغیر پانی و بجلی کی سربراہی پر عہدیداروں کی ستائش کی۔ضلع کلکٹر کریم نگر ڈاکٹر بی گوپی نے کہا کہ تیز بارش کے باعث ضلع میں ہوئے نقصانات کے جائزے کیلئے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس کا انعقاد کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے گی ۔ ایم ایل سی کاؤشک ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورآباد اسمبلی حلقے میں تیز بارش کی وجہ کئی نقصانات ہوئے ہیں۔ 4 ہزار ایکر اراضی کو پانی کی سربراہی میں معاون کلوالا پراجکٹ کے کٹّے کے منہدم ہونے سے کتہ پلی سے گنوکولا ، ملناپیٹا ، گنگارام ، ویناونکا و دیگر دیہاتوں کو حمل ونقل میں رکاوٹ ہوئی۔ حضورآباد دواخانے میں گائیناکالوجسٹ کی تعیناتی کرنے اور آئی سی یو سہولیات کی دستیابی کیلئے اقدام کا مشورہ دیا۔ چپہ دنڈی ایم ایل اے سی۔ روی شنکر نے کہا کہ نارائنا پور تالاب و چیک ڈیم کی مرمت کیلئے ٹھوس اقدام کئے جائیں۔ ماناکنڈور رکن اسمبلی آر بالاکشن نے کہا کہ پنچایتی راج ، آر اینڈ بی کے ذریعہ ٹنڈر کے کاموں میں تساہلی دیکھی گئی۔ ان کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اسمبلی حلقہ میں بجلی کے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے فوری اقدام کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ایم ایل اے ستیش ، ریاستی سیول سپلائیز کارپوریشن چئیرمین سرداررویندر سنگھ ، سیاحتی ادارے کے چئیرمین سرینواس یادو ، سی پی سبارائیڈو ، ایڈیشنل کلکٹر لکشمی کرن آر ڈی او مہیش ، میونسپل چئیرمین ، ضلع عہدیداروں ، ایم پی ڈی او ، عوامی نمائندوں و دیگر نے شرکت کی۔