عادل آباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : قدرتی بارش کے پانی کو ’ انجدابی ‘ گڑھوں کے ذریعہ محفوظ کرنے کی ذمہ داری ہر ایک فرد پر عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مشن بھاگیرتا کے تحت صاف اور شفاف پینے کا پانی گھر گھر پہنچانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر نشین ضلع پرجا پریشد مسٹر جناردھن راٹھوڑ نے مستقر عادل آباد میں ضلع پرجا پریشد کے منعقدہ اجلاس کے دوران اپنے افتتاحی خطاب میں کیا ۔ اور منتخب عوامی نمائندوں کو سرکاری عہدیداروں کا تعاون کرتے ہوئے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کو عمل میں لانے کا مشورہ اراکین ضلع پرجا پریشد کو دیا ۔ پارلیمانی سیشن کے بناپر عادل آباد رکن لوک سبھا مسٹر سویم بابو راؤ ، اسمبلی اجلاس کے جاری رہنے کے بنا پر ضلع سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر مسٹر اے اندرا کرن ریڈی ، اراکین اسمبلی میں مسٹر جوگو رامنا ، راٹھوڑ باپو راؤ ، آنرم سکو ، شریمتی ریکھا نائیک کی اس اجلاس میں عدم شرکت کو محسوس کیا گیا ۔ جب کہ ضلع کلکٹر سری دیواسپنا نے شرکت کرتے ہوئے اراکین ضلع پرجا پریشد کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ عہدیداروں کو پابند کیا ۔ ہر تین ماہ کے دوران منعقد ہونے والے ضلع پرجا پریشد کے اس اجلاس میں کانگریس اراکین میں مسٹر گنیش ریڈی تلدمڈگو نرسیا بازار تنہور ، راجو نامی کے علاوہ شریمتی لتا ، اوٹنور ، محمد امجد اندرویلی نے رمس دواخانہ میں پائی جانے والی ابتر حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے مریضوں کے علاج میں کوتاہی کرنے کا ڈاکٹروں پر الزام عائد کیا اور کہا کہ آوٹ پیشنٹ کے طور پر رجوع ہونے والے مریضوں کی دیکھ بھال جونیر ڈاکٹرس کررہے ہیں جب کہ سینئیر ڈاکٹر صرف یومیہ دو گھنٹہ کا وقت دیا کررہے ہیں ۔ منڈل جات کی سطح پر موجودہ پرائمری ہیلت سنٹر و دواخانوں میں حاملہ خواتین کو علاج سے نظر انداز کرتے ہوئے عادل آباد کے ریمس دواخانہ کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ سوپر اسپیشالیٹی دواخانہ کی غرض 1.50 کروڑ روپیوں حاصل ہرنے کے باوجود سوپر اسپیشالیٹی دواخانہ کا کام تعطل کا شکار بنا ہوا ہے ۔ ضلع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی عدم تعمیر پر بھی ریاستی حکومت پر تنقید کی گئی ۔ ضلع کے مختلف مواضعات میں تعلیمی نظام کی پسماندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کی عرض اساتذہ کے تقررات کرنے پر زور دیا گیا ۔ مختلف مقامات پر مدارس عمارتوں کی خستہ حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے جدید عمارتوں کی تعمیر کی خواہش کی گئی ۔ مشن بھاگیرتا کے تحت زیر تعمیر 360 واٹر ٹینک کو تعمیر کرنے اور موسم گرما کے پیش نظر جلد از جلد پینے کا پانی فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ ضلع پرجا پریشد کے اجلاس میں 42 نکات میں ہیلت ، آئی ٹی ڈی اے پنچایت راج ، مشن بھاگیرتا ، ڈی ای او ، آر اینڈ بی اور زرعی پیداوار پر فوری دلچسپی دیتے ہوئے مختلف امور پر غور و خوض کرتے ہوئے عملی جامہ پہنانے کی منظوری دی گئی ۔۔