بارش کے پیش نظر آر ٹی سی ڈرائیورس و کنڈکٹرس کو خصوصی ہدایت

   

عوامی حمل و نقل کے دوران حادثات سے محفوظ رکھنے پر زور ، صدر نشین بی گوردھن ریڈی
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ ایک ہفتہ تک مسلسل بارش کی پیش قیاسی کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے اضلاع کے لئے چلائی جانے والی بسوںکے ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کے لئے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ عوامی ذرائع حمل و نقل کی سہولت کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔ صدرنشین ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر بی گوردھن ریڈی نے آرٹی سی کی اولین ترجیح مسافرین کے لئے محفوظ سفر کی فراہمی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ ایک ہفتہ تک مسلسل بارشوں کی پیش قیاسی کے بعد اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع کے لئے چلائی جانے والی بسوں کے ڈرائیورس کے لئے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ حادثات سے پاک سفر کو موسلادھار بارشوں کے دوران بھی یقینی بنائیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ڈرائیورس کو بارش کے دوران انڈیکیٹر کے استعمال کے علاوہ رفتار پر قابو رکھنے ‘ آگے چلنے والی گاڑیوں سے فاصلہ بنائے رکھنے ‘ برقی کھمبوں کے قریب بس روکنے سے احتیاط کرنے ‘ گلاس کی صفائی کے لئے وائپر کا استعمال کرنے ‘ ندیوں ‘ نالوں اور برج پر سے گذرنے سے پہلے احتیاطی تقاضوں کو پوراکرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ تمام بس ڈرائیورس کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر کے آغاز سے قبل اپنی بس کے ہیڈ لائٹ اور لو بیم لائٹ کی جانچ کے علاوہ دیگر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں اور صبح کی اولین ساعتوں میں یعنی 3تا5 بجے کے درمیان کہیں بھی ہوں قریبی بس اسٹیشن پر بس روک کر منہ ہاتھ دھولیں تاکہ ان پر نیند کا غلبہ نہ رہے۔ م

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں نے بس ڈرائیورس کو سڑک کی درمیانی لائن عبور نہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ موسم باراں کے دوران دیگر گاڑیوں کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش نہ کریں ۔م