نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جائیں، سڑکوں پر درختوں کی صفائی
حیدرآباد/18 اپریل ( سیاست نیوز) حیدرآباد انچارج وزیر پونم پربھاکر نے جی ایچ ایم سی اور دیگر محکمہ جات کو بارش کے پیش نظر چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد میں آج موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے اور برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پونم پربھاکر نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے علاقے جہاں بارش کے نتیجہ میں پانی جمع ہوچکا ہے وہاں پر ٹریفک کے بہاؤ کو بحال کرنے کیلئے بھی پولیس کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی خصوصی ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ پونم پربھاکر نے بارش کی صورتحال کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی ٹیموں کے ذریعہ سڑکوں پر گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کا کام انجام دیا جائے تاکہ ٹریفک بحال کی جاسکے۔ حیدرآباد میں چارمینار، بہادر پورہ، نامپلی، عنبرپیٹ، خیریت آباد، ایل بی نگر، کوکٹ پلی، سکندرآباد اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش سے عوامی زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کے انجینئرنگ عہدیداروں کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کے سبب چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود بھی اپنے طور پر چوکس رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو دیگر محکمہ جات کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام انجام دینا چاہیئے۔ پونم پربھاکر نے محکمہ برقی کو ہدایت دی کہ جن علاقوں میں سربراہی منقطع ہوئی ہے وہاں عاجلانہ بحالی کے اقدامات کریں۔1