تلنگانہ ہائیکورٹ کی ہدایت، مفاد عامہ درخواست کی سماعت
حیدرآباد ۔18۔ اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند دنوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر چوکسی اختیار کرے۔ عدالت نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سرکاری مشنری کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ عدالت نے کہا کہ گزشتہ دنوں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں کئی علاقے زیر آب آگئے اور عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنا پڑا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس ٹی ونود کمار پر مشتمل بنچ نے سماجی جہد کار سی ایچ سدھاکر کی جانب سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک موسلادھار بارش کی وارننگ دی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ عام طورپر حکومت نے محکمہ موسمیات کی وارننگ کو نظر انداز کیا جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ ماہ بارش اور سیلاب سے 51 اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ حکومت 49 اموات کا دعویٰ کر رہی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ اضافی دو نام حکام کو پیش کئے جائیں تاکہ ان کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے فی کس چار لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تاحال 23 خاندانوں کو ایکس گریشیا کی رقم ادا کی جارہی ہے جبکہ باقی خاندانوں کو حکومت سے رجوع ہونے کے بعد رقم دی جائے گی۔ چیف جسٹس نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بارش کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔