بارش کے پیش نظر ریاست میں چوکسی کی ہدایت

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صورتحال کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دن تک ریاست بھر میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چیف منسٹر نے تمام اضلاع میں نظم و نسق کو چوکسی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں سے کہا کہ تالابوں اور ذخائر آب کے قریب واقع دیہاتوں اور نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کو مانسون کے اختتام تک چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ تیز بہاؤ کے دوران گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکنے کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی ، حیڈرا ، این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو چوکسی کی ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں بارش کے سبب ایسے علاقے جہاں پانی کے تیز بہاؤ کا اندیشہ ہے ، وہاں پر خصوصی ٹیموں کو تیار رکھا جائے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو ہدایت دی گئی کہ وہ وقفہ وقفہ سے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ربط قائم کرتے ہوئے بارش کی صورتحال پر نظر رکھیں۔ 1