بارش کے پیش نظر ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

چیف سکریٹری شانتی کماری کی ٹیلی کانفرنس، مختلف ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا جائزہ

حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں ریاست کی مختلف ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ بی سی بندھو اسکیم پر عمل آوری کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ رانی کمودنی، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری بی سی ویلفیر بی وینکٹیشم، کمشنر لیبر احمد ندیم اور دیگر عہدیداروں نے اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کی۔ بھیڑ بکریوں کی تقسیم کے بارے میں پرنسپل سکریٹری انیمل ہسبینڈری آدھر سنہا ، ڈائرکٹر انیمل ہسبینڈری رامچندر نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ ریاست میں دھان کی خریدی کے بارے میں پرنسپل سکریٹری جیش رنجن اور کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار نے تفصیلات پیش کی۔ گروہا لکشمی اور مامنور ایر پورٹ کی تعمیر کی پیشرفت کے بارے میں پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو کے ساتھ جائزہ لیا۔ دلت بندھو کے بارے میں ایس سی ڈیولپمنٹ سکریٹری کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ نوین متل سے وی آر ایز کے سرکاری محکمہ جات میں انضمام کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ کابینی اجلاس کے امور کے بارے میں سکریٹری جی اے ڈی شیشادری نے تفصیلات پیش کی۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بارش کی صورتحال اور بچاؤ و امدادی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس ، پولیس کمشنرس، ایس پی سے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ بارش سے متاثرہ علاقوں اور خاص طور پر نشیبی علاقوں میں بچاؤ اقدامات کئے جائیں۔ ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی گئی۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق عہدیداروں کو اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ ٹیلی کانفرنس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، اسپیشل چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، رجت کمار، سنیل شرما اور راہول بوجا نے شرکت کی۔