بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت : کے ٹی آر

   

Ferty9 Clinic

نشیبی علاقوں پر توجہ دی جائے، محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/19 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ دو تین دن کے دوران حیدرآباد میں شدید بارش کی پیش قیاسی کے سبب تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ عوام کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔ کے ٹی آر نے مختلف محکموں کیساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جن میں برقی، ریوینیو، پولیس، حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکمہ جات شریک تھے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے کے ٹی آر کو بتایا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے عصری پمپس کو تیار رکھا گیا ہے۔ ایسے علاقے اور سڑکیں جہاں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے وہاں پر چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ ایس این ڈی پی پراجکٹ کے تحت نالوں کی صفائی اور توسیع کے نتیجہ میں بارش کے پانی کے بہاؤ میں مدد ملے گی اور نالوں سے متصل علاقوں میں بارش کا پانی داخل نہیں ہوگا۔ موسم برسات کے دوران صحت و صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر کی توسیع اور آبادی میں اضافہ کے نتیجہ میں کچرے کی نکاسی کے کام پر توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جائے۔ عہدیداروں نے قلیل اور طویل مدتی ایکشن پلان سے واقف کرایا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس، ڈپٹی کمشنرس اور دوسروں نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں میں حیدرآباد میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے لہذا تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین دنوں میں سخت چوکسی کی ضرورت ہے اور بلدیہ اور واٹر ورکس کے تمام شعبہ جات کو چوکسی کے ذریعہ بارش کے پانی کی نکاسی کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔ر