شہر اور اضلاع میں طبی خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، ضرورت پڑنے پر اضلاع میں ہیلی کاپٹر کا استعمال
حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں موسلادھار بارش کے پیش نظر محکمہ صحت کو چوکسی کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر صحت ہریش راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ بارش کی صورت میں صحت و صفائی کے اقدامات اور وبائی امراض سے روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر صحت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تمام اضلاع کے گورنمنٹ ہاسپٹلس اور اضلاع کے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت کے ہمراہ ہیلت سکریٹری مرتضی علی رضوی ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ ، چیف منسٹر کے او ایس ڈی گنگا دھر ، تلنگانہ وائدیا ودھان پریشد کے کمشنر اجئے کمار ، آیوش کی ڈائرکٹر ہری چندن ساہا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ بارش کے دوران عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہونی پائے۔ مواضعات کی سطح سے لے کر حیدرآباد میں تمام سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو موجود رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی علاقوں میں عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ضرورت پڑنے پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بہتر طبی سہولتوں کیلئے ریاستی سطح پر کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر 040-24651119 ہے۔ ہر ضلع میں کال سنٹر قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی منتقلی کیلئے 108 اور 102 سرویسز کا بھرپور استعمال کیا جائے جس میں خواتین بالخصوص حاملہ خواتین کو ہاسپٹل منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں عوام کو آلودہ غذاؤں سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے ہاسٹلس میں طلبہ کو بہتر غذاؤں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں زائد بستروں کا انتظام کیا جائے تاکہ وبائی امراض کے مریضوں کا علاج کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور پانی میں گھرے ہوئے علاقوں کے عوام کو طبی خدمات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ر
بھاری بارش کی وجہ سے کے ٹی آر کا پروگرام منسوخ
شمس آباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) شمس آباد میونسپل میں بی آر ایس ضلع پارٹی آفس کا افتتاحی پروگرام بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔ بی آر ایس منڈل صدر کے چندرا ریڈی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دو دنوں کی مسلسل بارش کی وجہ سے ضلع پارٹی آفس کی افتتاحی تقریب کو منسوخ کردیا گیا۔ چندرا ریڈی نے کہا کہ مسلسل دو دنوں کی بارش سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس موقع پر گنیش گپتا، وینکٹیش گوڑ، گوپال یادو، مہیندر ریڈی، نیرٹی راجو اور دیگر موجود تھے۔