بارش کے پیش نظر وبائی امراض سے بچنے عوام چوکس رہیں

   

کورونا کے پیش نظر احتیاط ضروری، ریاستی وزراء دیاکر راؤ اور جگدیش ریڈی کی حکام کو ہدایت
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ اور جگدیش ریڈی نے ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر عوام کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر بارش کی صورت میں وبائی امراض سے بچاؤ کے سلسلہ میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے وزراء نے ورنگل، ہنمکنڈہ اور سوریا پیٹ کے ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر پنچایت راج نے اپنے انتخابی حلقہ پالا کرتی میں بارش کے نتیجہ میں بھاری نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ورنگل کے اعلیٰ عہدیداروں کو بچاؤ اور امدادی کاموں کی ہدایت دی۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ غیر متوقع طور پر گزشتہ چند دنوں سے بھاری بارش کے نتیجہ میں عوام مختلف وبائی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو چاہیئے کہ وہ عوام کی مدد کیلئے دستیاب رہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے عہدیداروں کو بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ نشیبی علاقوں کے عوام کو زیادہ چوکسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے سبب موسم میں تبدیلی سے وبائی امراض کا اندیشہ ہے۔ بزرگ افراد اور بچوں کو گھروں تک محدود رکھا جائے۔ انہوں نے کورونا وباء کے پیش نظر زیادہ چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ دوسری طرف وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ضلع کلکٹر سوریا پیٹ کے ساتھ بارش کے نقصانات کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹر وی کرشنا ریڈی کے علاوہ میونسپل کمشنر اور اریگیشن و رینو محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو متاثرین کی مدد کیلئے متحرک ہونا چاہیئے۔ ر