ماسن ۔ عالمی نمبر ایک ایش بارٹی نے ٹوکیو اولمپکس میں ناقص اور مایوس کن مظاہروں سے واپسی کی جبکہ گولڈ میڈلسٹ الیگزانڈ زیورف نے اپنے شاندار فام کو جاری رکھتے ہوئے سنسناتی اوپن خطابات حاصل کرلئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے خطابات کے ساتھ یو ایس اوپن کی طرف پیش قدمی کی ہے جو کہ آئندہ ہفتہ شروع ہونے والا ہے اور یہ سیزن کا آخری گرانڈ سلام ہوگا۔ عالمی نمبر ایک بارٹی نے سیزن کا پانچواں خطاب حاصل کیا ہے جیسا کہ انہوں نے ٹورنمنٹ میں وائلڈ کارڈ کے ذریعہ شرکت کرنے والی ابھرتی ٹینس اسٹار جیل ٹیچمین کی حیران کن پیشقدمی کو روکا۔ خطابی مقابلہ میں بارٹی نے 6-3، 6-1 کی کامیابی حاصل کی جبکہ زیورف نے بھی راست سٹوں میں کامیابی حاصل کی۔ زیورف نے خطابی مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں 7 ویں مقام پر فائز اینڈرے روبلیو کو راست سٹوں میں 6-2، 6-3 سے شکست دی۔ فائنل میں زیورف نے صرف 58 منٹوں میں کامیابی حاصل کی جیسا کہ سیمی فائنل میں انہیں یونان کے اسٹیفانوس سٹسپاس کے خلاف کامیابی کے لئے 3 سٹوں کی سخت جدوجہد کرنی پڑی تھی۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے زیورف نے کہا کہ یو ایس اوپن اب ایک ہفتہ دور ہے جس میں کئی اہم کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے اور عالمی نمبر ایک جوکووچ خطاب کے لئے مضبوط دعویدار ہیں لیکن میں بھی بہتر مظاہرہ کے لئے پرعزم ہوں۔ یاد رہے گزشتہ برس زیورف کو یو ایس کے فائنل میں ڈومنک تھیم کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔