نئی دہلی: گجرات میں تعینات بارڈر سیکورٹی فورس کی ریسکیو ٹیمیں ساحل کی طرف بڑھتے ہوئے شدید سمندری طوفان ‘بیپرجوئے ‘ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ سمندری طوفان بپرجوئے کے 15 جون کی شام کو جاکھاؤ ساحل کے نزدیک ٹکرانے کا امکان ہے اور اس کے بعد اس کے کچ کے رن کے راستے راجستھان کی طرف بڑھنے کا امکان ہے ۔ فورس کے ایک ترجمان نے آج کہا کہ فورس کے انسپکٹر جنرل، گجرات، روی گاندھی نے بھج کے ساحلی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والے ممکنہ تباہ کن اثرات کو کم کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان کے ہندوستان پاکستان بین الاقوامی سرحد سے گزرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیوں کیلئے ضروری وسائل کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔