بارکس کے سوئمنگ پول میں نوجوان غرقاب

   


حیدرآباد : /18 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ صلالہ بارکس میں ایک واقعہ پیش آیا جس میں نوجوان سوئمنگ پول میں غرقاب ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ سید سمیع الدین ساکن جہاں نما جو انجنیئرنگ کا طالبعلم تھا ۔ ممتاز باغ صلالہ علاقہ میں واقع بیل ویل سوئمنگ پول میں تیراکی کیلئے گیا تھا ۔ تیراکی سے عدم واقف سمیع الدین اچانک سوئمنگ پول میں غرقاب ہوگیا اور وہ 16 منٹ تک پانی میں ڈوبا ہوا رہا ۔ کچھ دیر بعد وہاں پر تیراکی کرنے والے دیگر افراد نے سمیع الدین کو سوئمنگ پول کے اندر ڈوبا ہوا دیکھ کر وہاں کے انتظامیہ کو آگاہ کیا اور فوری اسے باہر نکال کر دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ متوفی نوجوان کے بھائی سید طیب نے سوئمنگ پول انتظامیہ پر یہ الزام عائد کیا کہ کوئی بھی احتیاطی تدابیر کے بغیر سوئمنگ پول چلایا جارہا تھا اور لاپرواہی کے نتیجہ میں ان کے بھائی کی موت واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ اس سوئمنگ پول میں تیراکی کیلئے آنے والے نوجوانوں کی حفاظت کیلئے معقول انتظامات نہیں ہے لہذا اسی فوری طور پر مہربند کردینا چاہئیے ۔ اس ضمن میں چندرائن گٹہ پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کرتے ہوئے سوئمنگ پول انتظامیہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔