بارہمولہ میں این آئی اے دھاوے ، تاجر کا بیٹا زیرحراست

   

سری نگر۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے ) نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہموہ کے پٹن علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ ڈال کر اس کے فرزند کو حراست میں لے لیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق این آئی اے کی ایک ٹیم نے ہفتہ کی صبح پٹن کے پال پورہ گاؤں میں غلام محمد میر نامی ایک فروٹ تاجر کے گھر پر چھاپہ ڈالا۔انہوں نے بتایا کہ این آئی اے نے کئی گھنٹوں تک موصوف فروٹ تاجر کے گھر کی تلاشی کے بعد اس کے بیٹے کو اپنے ساتھ لے لیا۔تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے موصوف تاجر کے گھر پر کس کیس کے سلسلے میں چھاپہ ڈالا۔بتادیں کہ این آئی اے کی طرف سے گزشتہ دو ماہ سے وادی میں خاص طور پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔