بارہ بنکی میں اویسی کیخلاف مذہبی اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج

   

بارہ بنکی: اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی کیخلاف مذہبی جذبات مشتعل کرنے سمیت مختلف دفعات کے تحت پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔اویسی پر بلااجازت عوامی ریلی کرنے اور عوام کو رام سنیہی گھاٹ واقع مسجد کے نام پر مذہبی جذبات مشتعل کرنے کے علاوہ مقدمہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کیخلاف نازیبا تبصرہ کرنے کا بھی الزام ہے ۔ پولیس ترجمان نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بارہ بنکی شہر کی سٹی پولیس چوکی انچارج ہری شنکر ساہو کی تحریر پر اویسی کیخلاف بلااجازت عوامی ریلی کرنے اور مذہبی جذبات مشتعل کرنے ، دفعہ 144 اور کوویڈ۔19 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔