نئی دہلی، 4 نومبر (یو این آئی) انتخابی کمیشن نے کہا ہے کہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ انتخابی کمیشن نے منگل کو کہا کہ بہار میں ایس آئی آر کی کامیابی سے تکمیل کے بعد اس مہم کے دوسرے مرحلے میں نو ریاستوں (چھتیس گڑھ، گوا، گجرات، کیرالا، مدھیہ پردیش، راجستھان، تمل ناڈو، اتر پردیش اور مغربی بنگال) میں تقریباً 51 کروڑ رائے دہندگان کا احاطہ کیا جائے گا۔ مرکز کے زیر انتظام تین علاقے (انڈمان اور نکوبار، لکشدیپ اور پڈوچیری) 321 اضلاع اور 1,843 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ان 12 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایس آئی آر کی گنتی کا دورانیہ آج سے شروع ہو گیا ہے اور 4 دسمبر تک پورے ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ 27 اکتوبر 2025 تک انتخابی فہرست میں شامل ہر ووٹر کو ایک ای ایف (فارم) فراہم کیا جائے گا، جو جزوی طور پر پہلے سے بھرا جائے گا۔ تمام 12 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ای ایف کی تقسیم پہلے ہی شروع ہو چکی ہے ۔
