باریک چاول اسکیم سے 3 کروڑ سے زائد افراد کا استفادہ، 13 ہزار کروڑ کا خرچ

   

بی آر ایس اور بی جے پی کو اسکیم برداشت نہیں، عوامی نمائندوں کے ساتھ زوم کانفرنس، مہیش کمار گوڑ اور اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ راشن شاپس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم کے بارے میں عوام میں بڑے پیمانہ پر تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب خاندان اسکیم سے استفادہ کرسکیں۔ پارٹی عوامی نمائندوں اور قائدین کے لئے آج زوم کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مہیش کمار گوڑ اور اتم کمار ریڈی نے راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ریاست میں غریبوں کو باریک چاول کی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکیم کے آغاز سے غریبوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ اُگادی اور رمضان کے پیش نظر اسکیم کی شروعات کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کو باریک چاول کی پیداوار کا فی کنٹل 500 روپئے بونس دیا جارہا ہے۔ دھان کی کاشت 25 لاکھ ایکر سے بڑھ کر 40 لاکھ ایکر تک پہونچ چکی ہے۔ 2024-25 ء میں 4.41 لاکھ کسانوں سے 24 لاکھ ٹن دھان حاصل کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ طبقاتی سروے کے ذریعہ حکومت نے پسماندہ طبقات کے تحفظات کو 42 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ بنیادی سطح تک جئے باپو ۔ جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کا اہتمام کریں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ باریک چاول کی سربراہی اسکیم بی جے پی اور بی آر ایس کو برداشت نہیں ہورہی ہے۔ اسکیم کے خلاف اپوزیشن گمراہ کن پروپگنڈہ کررہا ہے۔ غریب خاندانوں میں خوشحالی کے لئے حکومت نے راشن کارڈ پر فی کس 6 کیلو باریک چاول سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں 2.8 کروڑ افراد کو موٹا چاول سربراہ کرتے ہوئے 10 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے۔ جبکہ کانگریس حکومت 3.10 کروڑ افراد کو باریک چاول کی سربراہی پر 13 ہزار کروڑ خرچ کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی مؤثر انداز میں تشہیر کریں تاکہ اسکیمات کے فوائد مستحقین تک پہونچ پائیں۔1