نئی دہلی : اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جانب سے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کا عہدہ باری باری سنبھالنے کی تجویز پر غور کا دعوی کیا جا رہا ہے جس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسوری سواراج نے کہا کہ وہ بھی اس تعلق سے سن رہی ہیں اور اگر اپوزیشن کو یہ احساس ہے کہ راہول گاندھی اس عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے قابل نہیں ہیں تو تبدیلی کا فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ یہ اپوزیشن کا داخلہ مسئلہ ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ ہریانہ میں کانگریس کی شکست کا جائزہ لینے منعقدہ اجلاس سے راہول گاندھی اٹھ کر چلے گئے تھے جس کے بعد اس عہدہ کو باری باری سنبھالنے کی تجویز زیر غور آئی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے تاہم اس خیال کی تردید کی ہے اور کہا کہ بی جے پی انڈیا اتحاد کی جماعتوں میں اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن کاعہدہ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہی کو دیا جاتا ہے ۔ دستوری ماہرین نے بھی اس اطلاع کو ناقابل عمل اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔