حیدرآباد ۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل انتخابات تقریباً آٹھ سال کے وقفہ کے بعد جمعہ کو ریاست بھر میں منعقد ہوئے جس میں وکلاء کی بڑی تعداد نے ان کے ووٹ کا استعمال کیا۔ رائے دہی ہائیکورٹ اور تلنگانہ میں ڈسٹرکٹ اور سب آرڈینیٹ عدالتوں میں منعقد ہوئی۔ ان انتخابات میں 203 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں 134 بار اسوسی ایشنس کے تقریباً 35 ہزار ایڈوکیٹس ووٹرس کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ اس میں ایک اندازہ کے مطابق85 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جو دیرینہ زیرالتواء انتخابات میں ایڈوکیٹس کی دلچسپی کا مظہر ہے۔ رائے دہی صبح 10:30 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ رائے دہی کے بند ہونے کے وقت سے پہلے قطاروں میں رہنے والے ایڈوکیٹس کو ان کے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔ رائے دہی ختم ہونے کے بعد تمام اضلاع سے بیالٹ باکسیس کو سیکوریٹی میں تلنگانہ ہائیکورٹ لایا گیا۔ ووٹوں کی گنتی 10 فبروری کو ہوگی۔ پریاریٹی ووٹنگ سسٹم کے تحت سب سے زیادہ تعداد میں ووٹ حاصل کرنے والے 23 امیدواروں کو تلنگانہ اسٹیٹ بار کونسل کے ممبرس کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کوایشن زمرہ کے تحت دو خاتون ممبرس کو نامزد کیا جائے گا۔A