سنگین دفعات کا اطلاق ۔ گرفتاری کیلئے دواخانہ سے ڈسچارج ہونے کا انتظار
حیدرآباد : /14 نومبر (سیاست نیوز) نامپلی بازار گھاٹ میں پیر کو پیش آئے کیمیکل گودام میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ کے سلسلہ میں اپارٹمنٹ کے مالک کے خلاف پولیس نے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ رمیش جیسوال جو بالاجی ریسیڈنس واقع بازار گھاٹ کا مالک ہے نے اپارٹمنٹ کے سیلر میں ’ریزن‘ کیمیکل کو بھاری مقدار میں اسٹور کیا تھا جس کے نتیجہ میں اپارٹمنٹ میں آگ لگنے کے بعد دیگر منزلوں میں بھڑک اٹھی تھی ۔ بازار گھاٹ کے مقامی شخص محمد احمد جو پیشہ سے ٹیلر ہے نے نامپلی پولیس سے شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ رمیش جیسوال نے غیرقانونی کیمیکلس کو سیلر میں بھاری مقدار میں اسٹاک کیا تھا اور دیپاولی پر آتشبازی کے دوران پٹاخے کی زد میں آنے پر وہاں آگ لگ گئی تھی ۔ محمد احمد جو اس واقعہ کے عینی شاہد ہے نے بتایا کہ صبح 9.20 کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس واقعہ کے بعد انہوں نے فلیٹس میں مقیم افراد کو مدد کیلئے چیخ و پکار اور باہر آجاؤ کہتے ہوئے سنا ۔ محمد احمد نے بتایا کہ اس حادثہ میں 17 سالہ نوجوان محمد طلحہ بھی شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعہ 304(II) ، 285 ، 286 اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ رمیش جیسوال اس واقعہ کے بعد دواخانہ میں شریک ہوگیا ہے اور پولیس اس کے ڈسچارج کا انتظار کررہی ہے ۔
