انتخابی فائدہ کیلئے کے سی آر نے دلت بندھو کا آغاز کیا

   

اتم کمار ریڈی کا الزام ، کابینہ میں مادیگا طبقہ کی عدم نمائندگی
حیدرآباد۔4 ۔ستمبر (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے آج سوریا پیٹ حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے مقامی کانگریس قائدین سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اپنے گن مین کی دختر کی شادی میں شرکت کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ ان کے ہمراہ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی آر دامودر ریڈی ، صدر ضلع کانگریس وینکنا یادو کے علاوہ مہیلا کانگریس ، یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگر چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری میں سنجیدہ ہیں تو انہیں ریاست کے تمام 16 لاکھ دلت خاندانوں میں فی کس 10 لاکھ روپئے تقسیم کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت صرف انتخابی فائدہ کیلئے دلت بندھو اسکیم پر حضور آباد میں عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں دلتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ تلنگانہ کے دلت چیف منسٹر کی جانب سے تین ایکر اراضی کی فراہمی اور ڈبل بیڈروم مکانات کے وعدوں کو بھلا نہیں سکتے۔ کے سی آر نے ریاست کے دلتوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے لیکن حضور آباد ضمنی چناؤ کے پیش نظر دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کابینہ میں ایک بھی مادیگا طبقہ کے نمائندہ کو شامل نہ کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مادیگا طبقے کی آبادی دیگر طبقات سے زیادہ ہے ۔ باوجود اس کے کابینہ میں انہیں نمائندگی نہیں دی گئی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر دلتوں کے ساتھ صرف زبانی ہمدردی کرتے ہیں۔ تلنگانہ جدوجہد کے دوران کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن دلت ڈپٹی چیف منسٹر کو برداشت نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر جس طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں، اسی کی آبادی ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن کابینہ میں 30 فیصد نمائندگی دی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے پارلیمانی حلقہ میں جاری ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔R