باز کی ریکارڈ 12 لاکھ ریال میں فروخت

   

ریاض ۔25 اگست (ایجنسیز) ریاض کے شمالی علاقے ملہم میں منعقدہ انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن میں ایک باز 12 لاکھ سعودی ریال (3 لاکھ 20 ہزار ڈالر) میں فروخت ہوا۔ یہ سوپر وائٹ پیور جائر فرخ تھا جو امریکہ کے آر ایکس فارم سے آیا تھا اور اس سال کے ایونٹ کا سب سے مہنگا پرندہ قرار پایا۔ یہ تقریب پیر تک جاری رہی ۔ ابتدائی دن مزید دو شاہین جائر فرخ بھی فروخت ہوئے، ایک برطانیہ کے بارڈر فالکنز فارم سے 28 ہزار ریال میں اور دوسرا فالکن میوز فارم، برطانیہ سے 48 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔ باز پرندوں کے معروف مالک محمد البلیدان، جو گزشتہ برسوں میں بھی اس نیلامی سے کئی پرندے خرید چکے ہیں، اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ سعودی فالکنز کلب نے دنیا بھر کے بریڈرزکو ایک جگہ اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کلب کے پلیٹ فارم پر سب کو متحد کرنے سے لاجسٹک معاملات آسان ہوئے ہیں۔ اب ہم ایک ہی معتبر ادارے سے کاروبارکرتے ہیں جس سے اس پورے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت اور تنظیم پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے مزید زور دیا کہ نمائش کنندگان کے لیے بڑے اور کشادہ مقامات فراہم کرنا اس ایونٹ کی ترقی اور دنیا بھر سے خریداروں کو راغب کرنے میں اہم قدم ہوگا۔ البلیدان نے کہا کہ مقامی کمپنیوں کی کوششیں مملکت کی بازیگری کے ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے میں مددگار ہیں۔