تعلیم کی کوئی قید نہیں، اختراعی صلاحیتیں اصل شرط ، دفتر’سیاست‘ میں رہنمائی کیلئے خصوصی ڈیسک
نونہالان و نوجوانان ملت کو بااختیار بنانا ہمارا مشن اور ویژن، عامر علی خاں ایم ایل سی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے آج ایس ۔ ہب ( سیاست ہب ) کا آغاز کیا۔ سیاست ۔ ہب دراصل ہمارے غیر معمولی بچوں و نوجوانوں کی نشاندہی کرکے انہیں مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے اور بااختیار بنانے کی ایک نئی پہل ہے۔ دفتر روز نامہ ’سیاست‘ کے آڈیٹوریم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ و رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجالاتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل نے ’سیاست‘ کو مظلوموں و کمزوروں کی مدد کا ایک ذریعہ بنایا ہے ، سیاست کی جانب سے پہلے ہی ملت کے نونہالوں ، نوجوانوں، خواتین اور ضرورت مندوں کی مدد اور انہیں سماجی و معاشی اور سیاسی طور پر خود مختار بنانے 50 سے زائد بہبودی اسکیمات چلائی جارہی ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے بتایا کہ یکم ڈسمبر2024 سے ایس ۔ ہب کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا جس کے ذریعہ جہاں غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل بچوں ( طلبہ ) ، مختلف فنون کے ماہرین کو روزگار، انٹر پرینئر شپ ، کیریئر گائیڈنس ، فروغ مہارت کے معاملہ میں جامع سپورٹ (مدد) فراہم کی جائیگی وہیں انہیں بتایا جائے گا کہ وہ کیسے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنی اور اپنے خاندانوں اور معاشرہ کیلئے اثاثہ بن سکتے ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے بتایا کہ دفتر ’سیاست‘ میں اس مقصد کیلئے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے جو پیر تا جمعرات درخواستیں وصول کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے بچوں میں خاص طور پر پرانا شہر میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے ، کچھ بچے غیر معمولی ذہین ہوتے ہیں کچھ بہت زیادہ شریر ہوتے ہیں ان میں بھی بے پناہ صلاحیتیں پائی جاتی ہیں، ان کے ذہنوں میں کئی آئیڈیاز ہوتے ہیں، وہ کچھ نیا اورکچھ اختراعی کام کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کی نظر میں ایسے بچے ہیں تو سیاست۔ ہب لائیں ان کی صلاحیتوں کو ہم جِلا بخشیں گے اور ان کی خداداد دلاحیتوں کو اُجاگر کریں گے۔ اس معاملہ میں تعلیم اور عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ ہماری یہی کوشش ہوگی کہ باصلاحیت نوجوانوں؍ افراد کو سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرواتے ہوئے بینک کے ذریعہ قرضوں کے حصول کے ذریعہ اور اپنے طور پر ان کی حتی المقدور مالی مدد کے ذریعہ سپورٹ کی جائے اور ان کی ترقی میں جو رکاوٹیں ہیں اسے دور کیا جائے۔ اگر کوئی نوجوان اپنی صلاحیتوں کے باوجود تجارتی شعبہ میں ترقی نہیں کرپارہا ہے اور مشکلات کا سامنا ہو تو سیاست ۔ ہب ان کی بھرپور رہنمائی اور مدد کر یگا۔ اس کے علاوہ سیاست ۔ ہب مستحق و باصلاحیت طلبہ و نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے ایک پلیٹ فارم کا کام کریگا۔ساتھ ہی سیاست۔ ہب خواتین کو بااختیار بنانے کو یقینی بنائے گا اور ان کی مہارتوں اور پُراعتمادی میں اضافہ کیا جائیگا۔ سیاست۔ ہب سے مہارتیں پیدا کرنے کا جہاں تک سوال ہے طلبہ و نوجوانوں اور مرد و خواتین کو انگریزی بول چال کی خصوصی تربیت دی جائے گی، ان میں حصول روزگار کی صلاحیت پیدا کی جائیگی۔ پریس کانفرنس میں جناب عامر علی خاں کے ہمراہ زاہد فاروقی ، محمد ریاض احمد، ایم اے حمید اور سید خالد محی الدین اسد بھی تھے جنہوں نے میڈیا کو سیاست۔ ہب کے اغراض و مقاصد اور ’سیاست‘ کی ملی و سماجی خدمات سے واقف کروایا۔ جناب عامر علی خاں جنہوں نے حال ہی میں اپنی تنخواہ کے 20 لاکھ روپئے ملت کی فلاح و بہبود کیلئے بطور عطیہ پیش کئے یہ بھی بتایا کہ آج دنیا بھر میں اسٹارٹ ۔ اَپ کا دور چل رہا ہے ایسے میں ’سیاست‘ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو روزگار کی فراہمی ، تجارتی مواقع سے استفادہ، تجارتی حکمت عملی طئے کرنے ، صلاحیتوں کو مواقع سے جوڑنے کا کام کررہا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے دفتر ’سیاست‘ پرپیر تا جمعرات دوپہر 12 بجے تا شام 4 بجے ہیلپ ڈیسک سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔