آزادی فلسطین کیلئے عالم اسلام میں اتحاد ضروری ، گلبرگہ میں جلسہ رحمت اللعالمینؐ و تقسیم انعامات سے ڈاکٹر اصغر چلبل اور دیگر مقررین کا خطاب
گلبرگہ: پوری دنیا میں باطل طاقتیں اسلام اورمسلمانوں کے خلاف ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہورہی ہیں اورمسلمان باطل طاقتوں کامقابلہ کرنے متحدہو نے کے بجائے آپس میں انتشار کو بڑھاوادے رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار ڈاکٹر محمد اصغر چلبل کارگزار صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ وعلاقائی سیکریٹری آل انڈیا ملی کونسل شمالی کرناٹک نے کیاہے وہ ملی کونسل اورسیرت کمیٹی کے زیر اہتمام کل میٹرو فنکشن ہال رنگ روڈ گلبرگہ میں منعقد ہ جلسہ رحمتہ اللعالمین وتقسیم انعامات میں صدارتی تقریرکر رہے تھے۔ ڈاکٹر اصغر چلبل نے مزید کہاکہ یہودی قابض خطہ کوتسلیم کرنے کے لئے عرب ممالک پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، بعض عرب ممالک اپنے مفادات کے تحت یہودی لابی کے دباؤ میں آچکے ہیں۔ امت مسلمہ ان عرب ممالک کی ملت فروشی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ڈاکٹر اصغر چلبل نے مزید کہاکہ امت مسلمہ آزادی فلسطین کی خواہاں ہے۔ فلسطین کی آزادی اوراسلام دشمن باطل طاقتوں کوشکست دینے کے لئے تمام اسلامی ممالک اورعالم اسلام میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اصغر چلبل نے مزید کہاکہ باطل طاقتین اسلام کے خلاف منظم سازش اور پیغمبر اسلام ﷺکی شان میں گستاخیوں کے ذریعہ مسلمانوں کو مشتعل اور اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ ان حالات میں مسلمانوں کو باطل طاقتوں کی سازشوں کو سمجھنے اور انہیں ناکام بنانے کے لئے مومنانہ بصیرت سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اصغر چلبل نے کہاکہ موجودہ حالات میں ملت اسلامیہ کی نئی نسل کو اسلامی تاریخ، سیرت طیبہ، پیغمبران اسلام کے واقعات اور دینی معلومات سے واقف کروانا ان میں اسلامی شعور بیدار کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ اسی مقصد کے تحت طلبا و طالبات کے لئے ماہ ربیع الاول میں مرکزی سیرت کمیٹی اور آل انڈیا ملی کونسل نے سیرت النبیﷺ پر تحریری، تقریری، اسلامی کوئز،اذان، قرات و نعت خوانی کے انعامی مقابلے منعقد کیے گئے۔ مولانا جاوید عالم قاسمی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن صرف اسلام کی تعلیمات پر عمل سے ممکن ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں مسلمان اگر اپنے خلاف کی جانے والی سازشوں اور فرقہ پرست طاقتوں کے ایجنڈہ کو ناکام بنانا چاہتے ہیں تو سیرت طیبہﷺ کی روشنی میں اپنے کردار کو سنوارنا ہوگا۔ مولانا جاوید عالم قاسمی نے سیرت النبیﷺ تحریری تقریری اسلامی کوئز اذان وقرات،نعت مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر اصغرچلبل اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اصغرچلبلسابق وزیر کرناٹک قائد محترمہ الحاج قمرالاسلام صاحب مرحوم کے قرآنی و سیرت مشن کو آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔مولانا جاوید عالم قاسمی نے مزید کہا کہ یہ بات لائق ستائش ہے کہ ڈاکٹر اصغر چلبل اور ان کی ٹیم نے کورونا مہلک وبا کے دوران جبکہ مدارس بند تھے طلباء وطالبات کیلئے مقابلہ جات کا انعقاد کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا الحاج الیاس سیٹھ باغبان سابق چیرمین این ای کے آ ر ٹی سی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے طلباء وطالبات کے لئے سیرت النبی ﷺ انعامی مقابلوں کے انعقاد پر اظہار مسرت کیا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اصغر چلبل جب بھی کوئی ملی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو فوری مشاورتی اجلاس طلب کرکے اس کی یکسوئی کی کامیاب کوشش کر تے ہیں۔ وہ قمرالاسلام صاحب کے بعد ان کے کاموں کو بخوبی نبھا رہے ہیں مولانا حافظ محمد شریف مظہری نائب صدر جمعیت علماء کرناٹک نے غیر مسلم طلبا و طالبات کے لئے بھی سیرت النبیﷺ انعامی مقابلوں کے انعقاد کا مشورہ دیا۔ انہوں نے آپسی فروعی اختلافات کو ختم کر تے ہوئے متحد ہو نے اور سیرت طیبہ کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔ مولانا افضل برکاتی خطیب و امام مسجد امام ابو حنیفہ مرکز سنی دعوت اسلامی نے کہا کہ آج ہم مغربی تہذیب کو بہت زیادہ ہی اپنانے لگے ہیں جبکہ اس تہذیب کا خاتمہ کرنا ہماری ذمہ داری تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج کے پر آشوب دور میں ہمیں سیرت طیبہ کو اپناتے ہوئے اس پر مکمل عمل کرنا ہے۔ آج مشرکانہ سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ چرند پرند جانور پتھر پوجے جارہے ہیں۔ بحیثیت اشرف المخلوقات اور خیرامت کے ہماری بڑی ذمہ داری ہے۔ مولانا افضل نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں طلباء و طالبات اور نوجوانوں میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں کارروائی کا آغاز مولانا یوسف قریشی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ مولانا محمد غوث الدین قاسمی صدر آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ نے خیر مقدم کیا۔ مولانا شفیق احمد قاسمی سیکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ضلع گلبرگہ نے شکریہ ادا کیا۔ حضرت سید شاہ اسلام الدین قادری وسیم بابا سجادہ نشین نیلور شریف، حضرت سید شاہ ہدایت اللہ قادری سجادہ نشین عملی محلہ، حضرت سید شاہ احمد پاشاہ قادری، حضرت منہاج الدین قادری چشتی باری نے جلسہ کی سرپرستی کرتے ہوئے انعام یافتہ طلبا و طالبات میں انعامات اور گولڈ میڈل تقسیم کیے۔ پہلا انعام7ہزار، دوسرا انعام 5 ہزار، تیسرا انعام 3 ہزار، چوتھا انعام2 ہزار روپئے دیا گیا۔ جملہ33 طلبا و طالبات کو نقد رقم، قرآن مجید، دینی کتب اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا ۔ حاجی عبدالرحیم مرچی سیٹھ جنرل سیکریٹری مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ نے تمام مشائخین، سجادگان، علمائے کرام اور مہمانان کی شالپوشی گلپوشی کی۔ اس جلسہ کی خصوصیت یہ تھی کہ ان انعامی مقابلہ جات میں حصہ لینے والے اور درخواست گذاروں کو بھی کلام پاک،سیرت کوئز کتاب، پن اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ جن کی تعداد350 سے زائد تھی۔ طلباء و طالبات کے علاوہ ان کے والدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انجینئر مشتاق احمد نے انعامات کا اعلان کیا۔ سید سخی سرمست، طیب علی یعقوبی اور کاشف پاشاہ قادری نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ انجینئر ناصر حسین استاد، انجینئر ماجد پیارے، مولانا اسماعیل قاسمی، مولانا اویس قادری، مولانا محمد حسینی، مولانا شمس عالم، مولانا اسماعیل مدثر، مفتی شمس الدین، سید راغب پاشاہ، سید کاشف پاشاہ، انجینئر نیئر خورشید، واحد علی فاتحہ خوانی، انجینئر محمد محمود، انجینئر تجمل حسین، حیدر علی باغبان، مولانا قاسم جنیدی، مفتی رکن الدین کے علاوہ کئی ایک شہر کی اہم شخصیتیں اور خواتین کی کثیر تعداد و عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔