باغپت3 ستمبر (یو این آئی) ہتھنی کنڈ بیراج سے مسلسل پانی چھوڑنے کی وجہ سے باغپت ضلع میں جمنا ندی نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے ۔چہارشنبہ کے روز سنکرود گاؤں کے جنگل میں بنے ڈیم میں لیکیج کی خبر سے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر محکمہ آبپاشی کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور گاؤں والوں کے ساتھ مل کر مٹی کی بوریاں ڈال کر رساو کو روکا۔ بروقت رساو پر قابو پانے سے ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ ٹل گیا لیکن گاؤں والوں میں خوف و ہراس کا ماحول بناہوا ہے ۔ چہارشنبہ کی صبح کھیکڑا علاقے کے ڈیم میں رساؤ دیکھا گیا۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گاؤں والوں نے گروپوں میں ڈیم کی نگرانی شروع کر دی ہے ۔