باغی ایم ایل اے کی اکھلیش سے ملاقات پر بی ایس پی سپریمو مایاوتی ناراض، بولی- ایس پی کا کردار دلت مخالف

   

اتر پردیش کی سیاست میں ایک مضبوط حریف سمجھی جانے والی سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے درمیان تنازعہ ایک بار پھر گہرا ہوگیا ہے۔ آبادی کے لحاظ سے آئندہ سال ملک کی سب سے بڑی ریاست یوپی میں اسمبلی انتخابات ہونا ہیں، ایسی صورتحال میں بی ایس پی کے 6 باغی اراکین اسمبلی نے منگل کو سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی جس کی وجہ سے سیاسی پارا اچانک بڑھ گیا ہے۔

قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ یہ سب سماج وادی پارٹی میں اپنے مستقبل کی تلاش میں ہیں اور جلد ہی اکھلیش یادو کی پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اس واقعے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سلسلہ وار کئی ٹویٹ کیے۔ اپنے ٹویٹ میں مایاوتی نے الزام لگایا ہے کہ ایس پی میڈیا کی مدد سے پروپیگنڈہ کررہی ہے کہ بی ایس پی کے کچھ ایم ایل اے ٹوٹ کر اکھلیش یادو کی پارٹی کے ساتھ جارہے ہیں یہ سراسر دھوکہ ہے۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ایس پی کی چال، کردار اور چہرہ ہمیشہ سے ہی دلت مخالف رہا ہے ، جس میں یہ ذرا بھی بہتری کے لئے وہ تیار نہیں۔