نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) باغی عام آدمی پارٹی قائد کپل مشرا نے دہلی ہائیکورٹ سے منگل کے دن ان کو نااہل قرار دینے کے خلاف درخواست پیش کی۔ دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل نے 2 اگست کو مشرا کو اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔ وہ کاراول نگر کی نمائندگی کرتے تھے۔ 27 جنوری سے استقدامی اثر کے ساتھ انہیں نااہل قرار دیا گیا تھا، کیونکہ ان کے زیراہتمام تقریب میں بی جے پی کے قائدین نے شرکت کی تھی۔ اسپیکر نے کہا تھا کہ چونکہ مشرا نے بی جے پی کی انتخابی مہم میں اور وزیراعظم نریندر مودی کی لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی مہم میں شرکت کی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بی جے پی کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں حالانکہ وہ عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
