بنگلورو 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک سے جے ڈی ایس اور کانگریس کے جن 10 ناراض ارکان اسمبلی کو بنگلورو سے ممبئی منتقل کیا گیا انہیں لیجانے والا طیارہ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا راجیو چندر شیکھر کی کمپنی کا تھا ۔ کمپنی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ طیارہ جوپیٹر کیپیٹل پرائیوٹ لمیٹیڈ کا ہے جس کے بانی اور صدر نشین چندر شیکھر ہیں۔ یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ ارکان اسمبلی کو منتقل کرنے والا طیارہ جوپیٹر کمپنی ہی کا تھا کچھ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ لوگ کاروبار کرتے ہیں اور جو کوئی طیارہ استعمال کرنے کی خواہش کرے وہ ایسا کرسکتا ہے ۔ کمپنی کے ایک اعلی عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ چارٹرڈ طیارہ ہے اور جو کوئی طیارہ حاصل کرنا چاہے وہ اس کا کرایہ ادا کرتے ہوئے حاصل کرسکتا ہے ۔ یہ کاروبار ہے ۔ عہدیدار نے تاہم یہ بتانے سے انکار کردیا کہ طیارہ کی بکنگ کس نے کروائی تھی اور کس کی ایما پر کروائی گئی تھی ۔ کانگریس نے بی جے پی پر کرناٹک میں جے ڈی ایس کے ساتھ مخلوط حکومت کو زوال کا شکار کرنے کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ سابق چیف منسٹر سدارامیا ‘ سابق مرکزی وزیر ملکارجن کھرگے اور ریاستی وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے یہ الزام دہرایا کہ بی جے پی ریاست میں موجودہ بحران کے پس پردہ اصل محرک ہے ۔ بی جے پی نے تاہم تردید کی ہے کہ ساری صورتحال سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس کے داخلی اختلافات کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔