حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے ڈپٹی چیف منسٹروزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے ہمراہ راج بھون پہنچ کر گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں 75ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کے لئے مدعو کیا۔ چیف منسٹر کی بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد آج سے سیکریٹریٹ میں شروع ہوئی مصروفیت کے بعد شام کے وقت چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی اور انہیں باغ عامہ میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت اور پرچم کشائی کی دعوت دی ۔ گورنر سے ہوئی ملاقات کے دوران بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے بیرونی دورہ کے متعلق سرسری طور پر گورنر کو واقف کروایا۔ علاوہ ازیں انہوں نے اسمبلی کے بجٹ سیشن کے سلسلہ میں جاری تیاریوں کے متعلق بھی گورنر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے امکانی تواریخ پر تبادلہ خیال کیا۔3