بالانگر فلائی اوور کا کے ٹی آر نے خاتون مزدور سے افتتاح کروایا

   

مرکزی حکومت کے عدم تعاون سے اسکائی ویز کی تعمیرات 4 سال سے تعطل کا شکار ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے فلائی اوور کی تعمیری کاموں میں حصہ دار مزدور شیوا ماں کے ہاتھوں بالانگر فلائی اوور کا افتتاح کروایا اور اس کو بابو جگجیون رام کے نام سے موسوم کردیا اور کہا کہ پیاٹنی سے سچترا اور جوبلی بس اسٹانڈ سے ترکا پلی (او آر آر) تک اسکائی ویز کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ تاہم محکمہ دفاع کی اراضیات حوالے کرنے میں مرکز نے چار سال سے کوئی تعاون نہیں کیا ہے جس سے اسکائی ویز کی تعمیرات میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کاموں میں شریک مزدور خاتون سے فلائی اوور کا افتتاح کرکے انہیں خوشی ہو رہی ہے۔ بابو جگجیون کے نام سے کرنے بہت جلد احکامات جاری ہو جائیں گے۔ اپنے خطاب میں کے ٹی آر نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر وزرا ٹی سرینواس یادو، ملا ریڈی، رکن اسمبلی ایم کرشنا راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چار سال میں یہ فلائی اوور تعمیر ہوگیا جس پر حصول اراضی وغیرہ پر جملہ 385 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور کی تعمیر سے بالانگر کے عوام کا 40 سالہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ ابھی تک عوام نے ٹریفک کا سامنا کیا ہے۔ اب انہیں راحت ہوگی۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد (ایف آر ڈی پی) پلان تیار کرکے فلائی اوورس اور انڈر پاس کی تعمیرات پر توجہ دی جارہی ہے۔ اسمبلی حلقہ کوکٹ پلی میں 1000 کروڑ روپے کے صرفہ سے شاہ راہوں کی توسیع، فلائی اوورس، انڈر پاس کی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد کے عوام کو بہترین ٹریفک نظام فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے گریٹر حیدرآباد کی ترقی میں مشترکہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالا نگر کے حدود میں سڑکوں کو توسیع دی جائے گی۔ فتح نگر برج کے کاموںمیں بھی تیزی پیدا ہوگئی ہے۔