کمسن بچی کا سر پاش پاش، 6 افراد ہلاک، ڈی سی ایم ویان نے آٹو کو ٹکر دے دی
محبوب نگر۔/6 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ نعشیں دور تک پڑی ہوئی تھیں اور چھوٹی بچی کے سر سے بھیجا نکل پڑا۔ یہ حادثہ ضلع کے بالانگر چوراستہ پر جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک آٹو کو تیز رفتار ڈی سی ایم ویان نے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار 6 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق موتی گھنا پور گاؤں سے ہے جو بالا نگر میں ہر ہفتہ واری بازار میں خریدی کیلئے آئے تھے۔ سامان کی خریدی کے بعد یہ تمام آٹو میں سامان رکھ کر نکلنے ہی والے تھے کہ ڈی سی ایم ویان نے آٹو کو ٹکر دے دی۔اس دوران وہاں سے موٹر بائیک پر گذرنے والا شخص بھی اس کی زد میں آگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حادثہ کے خلاف مقامی عوام نے زبردست احتجاج کیا اور ڈی سی ایم ویان کو آگ لگادی جس کی وجہ سے علاقہ میں کافی دیر تک کشیدگی دیکھی گئی اور ٹریفک جام ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔