بالاپور میں قدیم غیرآباد مسجد اور قبرستان کا تحفظ کیا جائیگا

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ، مقامی افراد کی نمائندگیوں کی سماعت
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف محمد سلیم نے بالاپور میں انتہائی قدیم اور تاریخی غیر آباد مسجد کا معائنہ کرتے ہوئے اُسے آباد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے ریونیو اور وقف عہدیداروں کے ہمراہ آج بالاپور کی مسجد اور قدیم قبرستان کا معائنہ کیا جو تقریباً 200 سال قدیم ہے۔ یہ مسجد اور قبرستان وقف ریکارڈ میں درج ہے۔ گزٹ نمبر 6-A میں سیرئیل 2674 کے تحت مسجد اور قبرستان کا تذکرہ موجود ہے۔ مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ کو بتایا کہ اطراف کے اکثریتی طبقہ کی جانب سے قبرستان اور مسجد کو جانوروں کی چراہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ مقامی نوجوانوں نے کہاکہ جب کبھی مسجد میں نماز کی ادائیگی یا صفائی کی کوشش کی جاتی ہے تو مقامی افراد اعتراض کرتے ہیں۔ دورہ کے موقع پر مقامی افراد نے واضح کردیا کہ اُنھیں مسجد سے کوئی اعتراض نہیں ہے اور وقف بورڈ اس کی تعمیر و مرمت کے ذریعہ آباد کرسکتا ہے۔ مقامی نوجوانوں نے کہاکہ سابق میں دو مرتبہ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے دو مرتبہ مسجد کا معائنہ کیا تھا لیکن تحفظ کے لئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ مقامی نوجوانوں کو صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تیقن دیا کہ اِس مرتبہ وہ عہدیداروں کو تعمیری کاموں کے سلسلہ میں پابند کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف بورڈ مسجد کی تعمیر و مرمت کے علاوہ قبرستان کی حصاربندی کے لئے درکار فنڈس جاری کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ مسجد اور قبرستان کے تحفظ کے لئے جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں وقف بورڈ کی جانب سے ابھی تک 7 سے زائد غیر آباد مساجد کو آباد کیا جاچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس اور ریونیو حکام کے تعاون سے غیر آباد مساجد اور قبرستانوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ر