بالاپور میں مبینہ لینڈ گرابر اور چار ساتھی گرفتار

   

کرمل گوڑہ میں اراضی تنازعہ ، شکایت پر پولیس کارروائی

حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے متعدد تنازعات میں ملوث مبینہ لینڈ گرابر سعود باعوم اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دیدیا۔ بالاپور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 47 سالہ سعود بن سعید باعوم کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود ان لینڈ گرابرس کے خلاف پولیس کی جانب سے کارروائی نہیں کی جاتی تھی اور پولیس پر ان لینڈ گرابرس سے مبینہ ساز باز کے الزامات پائے جاتے تھے جنھوں نے علاقہ کے عوام میں اپنی سرگرمیوں سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کردیا تھا۔ تاہم ایک شہری پر حملہ کی ویڈیو کو کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت سے رجوع کیا گیا جس پر کمشنر نے سخت اقدام کرتے ہوئے ان لینڈ گرابرس کے خلاف سخت کارروائی کی اور انھیں ہائی پروفائیل لینڈ گرابرس کہا گیا۔ کمشنر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سعود باعوم کے علاوہ اس کے ساتھیوں 37 سالہ میر اکبر علی خاں ساکن بارکس، 49 سالہ طالب بن اسلم ساکن کتہ پیٹ، 35 سالہ علی بن عمر دیانی ساکن صلالہ بارکس اور 38 سالہ سعید باوزیر ساکن صلالہ بارکس کو گرفتار کرتے ہوئے انھیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ بالاپور پولیس نے اقدام قتل کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت سعود باعوم اور اس کے ساتھیوں کو جیل منتقل کردیا۔