بالاپور وقف اراضی کے تحفظ کیلئے سینئر وکلا کی خدمات : محمد سلیم

   

حیدرآباد۔/3 ستمبر ، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ بالا پور میں احاطہ روشن الدولہ وقف اراضی کے تحفظ کیلئے ہائی کورٹ میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے قطب شاہی سلاطین کے خاندانوں سے متعلق دو گنبدوں کے تحفظ کا یقین دلایا۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ بالا پور میں اوقافی اراضی کی پلاٹنگ اور فروخت کی سرگرمیوں سے بھی دور رہیں اور اراضی کی خریدی سے گریز کریں۔ وقف اراضی تاقیامت وقف ہوتی ہے اور عارضی قبضہ کرکے کوئی اسے مستقل ملکیت نہیں بناسکتا۔ محمد سلیم نے کانگریس قائدین کے وفد کو آج یہ تیقن دیا جو ان سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے۔ سٹی کانگریس کے عثمان محمد خاں ، سلطان مرزا، صمد عثمانی اور دوسروں نے صدر نشین بورڈ سے بالا پور کے گنبدوں کے تحفظ کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ قطب شاہی خاندان کے دو ارکان کے قبور درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ کے قریب واقع ہیں اور وہیں سے ہر سال صندل نکلتا ہے۔ غیر مجاز قابضین نے ان کو مسمار کردیا ہے۔ کانگریس وفد نے 6.18 ایکڑ اوقافی اراضی کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔